راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا جسے باعث نالہ لئی میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔
مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی جس پر گوالمنڈی نالہ لئی برج پر خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے ہیں۔
واسا اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ 20 فٹ کی حد عبور ہونے پر قریبی آبادیاں خالی کرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اسی طرح کٹاریاں پل پر بھی پانی کی سطح 20 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
نالہ لئی میں آنے والے پانی نے فلش فلڈنگ کی صورت اختیار کر لی ہے اور اس کے ساتھ ملحقہ رابطہ نالوں میں بھی طغیانی کا آغاز ہو چکا ہے، شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے سینکڑوں افراد محصور ہو گئے ہیں جبکہ نقل مکانی فی الحال ممکن نہیں رہی۔
متاثرہ علاقوں میں مہر کالونی، ڈھوک حسو، پیرودھائی، خیابان سر سید، فوجی کالونی اور ڈھوک مٹکیال شامل ہیں، متذکرہ علاقوں کے کئی گھروں میں بارشی پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ بعض مقامات پر رابطہ پل مکمل طور پر زیر آب آ گئے ہیں، شہریوں کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، ایم ڈی واسا نے ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos