فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا
فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا

جہلم: ایس ایچ او سمیت 300 افراد سیلاب میں پھنس گئے

جہلم میں طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ تھانہ چوٹالہ کے ایس ایچ او اور پانچ پولیس اہلکار سمیت 300 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے۔ اہلکار جان بچانے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی میں بیٹھے رہے اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کئی گھنٹوں تک محصور رہے۔ جبکہ ایل کانسٹیبل پانی میں بہہ گیا۔

سیلابی پانی کی شدت اس قدر تھی کہ ریسکیو ٹیموں کو اہلکاروں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں تاہم مسلسل بارش اور تیز بہاؤ نے ریسکیو مشن کو دشوار بنا دیا۔

ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور انہیں بحٓفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں ہنگامی حالت نافذ ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

جہلم اور گردونواح میں حالیہ بارشوں کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ چکے ہیں، اور صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔