اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے سازش کے تحت ارکان کو حلف برداری سے روکا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں کورم کا مسئلہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ اور سینیٹ انتخابات میں مرضی کے نتائج کے لیے کورم کا مسئلہ پیدا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپنی قانونی اور سیاسی غلطی کی وجہ سے دیگر جماعتوں کو فائدہ ہوا۔ جبکہ جان بوجھ کر کورم پورا نہیں کیا گیا اور اجلاس ملتوی ہوا۔ سینیٹ انتخابات سے متعلق خیبرپختونخوا میں موجودہ صورتحال انہی کی پیدا کردہ ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ سینیٹ اور صوبائی اسمبلی کو نامکمل رکھنا غیر آئینی ہے۔ اور صوبائی اسمبلی میں لوگوں کو نہ آنے دینا آئینی خلاف ورزی ہے جس کی کڑی سزا ہو سکتی ہے۔ آپ کیوں کروڑ پتی افراد کو سیٹیں بیچتے ہیں۔ سیٹیں بیچی جاتی ہیں اور پھر پارٹی کے اندر سے آوازیں آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ بولی لگواتے ہیں۔ جبکہ بولی لگانے اور سیٹیں بیچنے کا کلچر سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں ہے۔ سینیٹ کو مکمل ہونے سے روکنا بہت بڑا آئینی جرم ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن نہ ہو۔ کوہستان اسکینڈل پاکستان کا بڑا کرپشن کیس ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos