اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی بحریہ کے سربراہ کو نشانِ پاکستان اعزاز سے نواز دیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ، وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو نشانِ پاکستان (ملٹری) کا اعزاز عطا کیا۔
اس حوالے سے ایوان صدر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
یہ اعزاز وائس ایڈمرل الغریبی کو اُن کی پیشہ ورانہ خدمات، پاکستان بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔
تقریب کے بعد سعودی نیول چیف نے صدرِ مملکت سے ملاقات کی۔ صدرِ پاکستان نے انہیں اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے اُن کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں مملکتِ سعودی عرب کے سفیر، نوّاف سعید المالکی بھی موجود تھے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی طرف سے حمایت پر حکومت اور پاکستانی عوام دل سے شکرگزار ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos