سوات: سوات کے علاقے شنکومدین میں گزشتہ شب موسلا دھار بارش نے قیامت ڈھا دی۔ گاؤں گجر بنڑ میں ایک کچا مکان زمین بوس ہو گیا، ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے 3 بچے جاں بحق جبکہ ان کی ماں اور بہن شدید زخمی ہو گئیں۔ ملم جبہ میں ندی میں طغیانی، دو معصوم چچازاد بھائی ڈوب گئے،ایک کی لاش برآمد، شیر خوار محسن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق گاؤں گجر بنڑ میں ایک کچا مکان زمین بوس ہو گیا، ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے 3 بچے جاں بحق جبکہ ان کی ماں اور بہن شدید زخمی ہو گئیں۔واقعہ رات تقریباً 8 بجے پیش آیا جب حمزہ اللہ ولد خیراتی کا مکان شدید بارش کے باعث منہدم ہو گیا۔
دردناک حادثے میں 10سالہ مدینہ بی بی، 7 سالہ مصطفیٰ اور تین سالہ موسیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ماں گل اندامہ اور5 سالہ بچی مدیحہ کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
آوازیں سن کر اہلِ علاقہ موقع پر پہنچے اور ریسکیو 1122 کے ہمراہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ رات بھر جاری رہنے والی بارش اور اندھیرے نے امدادی کاموں میں رکاوٹ ڈالی، تاہم لاشوں کو نکال لیا گیا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے مدین اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سوات کی وادی ملم جبہ کے علاقے سورڈھیرے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ندی (برساتی خوڑگئی) میں طغیانی کے باعث 2 چچازاد بھائی ڈوب گئے۔ پولیس کے مطابق ایک خاتون گود لئے بچے محسن ولد اور دیور کے بیٹے 7سالہ افوان اللہ کے ہمراہ پانی پارکرتے ہوئے طغیانی کی زد میں آکر پانی میں بہہ گئے۔ خاتون نے اپنی جان بچا لی تاہم دونوں بچے پانی میں بہہ گئے ۔
مقامی افراد نے مقامی پولیس کے تعاون سے افوان اللہ کی لاش کچھ ہی دیر بعد قریبی برساتی نالے سے برآمد کرلی، جبکہ دوسرا بچہ، پانچ سے چھ ماہ کا شیر خوار محسن تاحال لاپتا ہے۔شدید بارش کے باعث مختلف علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی سے پانی کے بہاو میں اضافہ ہوگیا ہے اور سڑکیں تالاب بن گئی ہیں۔ انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ کردیاہے اور تمام محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ہری پور میں پانی میں پھنسے 7 بچوں کو بچا لیا گیا
ادھر ہری پور میں غازی بیراج میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث 7 بچے پھنس گئے، ریسکیو کے مطابق ریسکیو ٹیم نے بیراج میں پھنسے تمام بچوں کو بچالیا۔
بچوں کا تعلق ضلع صوابی سے ہے، جو اپنی فیملی کےساتھ آئے تھے، تمام بچوں کو کشتی کی مدد سے کنارے پر منتقل کیا گیا۔ریسکیو کے مطابق ریسکیو ٹیم کے منع کرنے کے باوجود بچے اپنے چچا کے ساتھ دوسرے کنارے پر چلے گئے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos