راولپنڈی: انسداد دہشت گری عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے 3 مقدمات میں عدم گرفتار ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور سابق صدر عارف علوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور سمیت 10 ملزمان کو کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی گئی، درخواست میں ملزمان کے خلاف درج مقدمات کی جلد سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے پراسیکیوشن ٹیم کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست 25 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کر دی جبکہ عدالتی عملے کی جانب سے ملزمان اور ان کے وکلا کو نوٹسز جاری کر دیے گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صدر عارف علوی، وزیرعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 10 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ سابق وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
دوسری جانب ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں، پولیس گرفتاری کے لیے آج سے چھاپے مارنا شروع کرے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ صادق آباد، تھانہ واہ کینٹ اور تھانہ نصیر آباد میں مقدمات درج ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی، کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos