فائل فوٹو
فائل فوٹو

اربعین کیلیے زمینی راستے سے ایران اور عراق جانے پر پابندی عائد

اسلام اآباد:وزیراعظم شہباز شریف کو وزیر داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ زائرین کی بذریعہ سڑک ایران ،عراق جانے پر پابندی عائد کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے ملاقات کی اور زائرین کی نئی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی، ملاقات میں بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے وزیرِ ہوا بازی کو زائرین کیلئے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی تاکہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے دوران انہیں سفر میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اربعین کے لیے زمینی راستے سے زیارات پر ایران اور عراق جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر وفاقی وزیر داخلہ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ زائرین صرف ہوائی جہاز کے ذریعے زیارات پر ایران اور عراق جا سکیں گے، زائرین کو روڈ کے ذریعے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا اور پابندی کا فیصلہ وزارت خارجہ، حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ زائرین فضائی سفر کے ذریعے زیارات پر جا سکیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فضائی پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اربعین زائرین کے لیے زیادہ سے زیادہ فلائٹس کا انتظام کیا جائے گا۔