کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر بھر میں چینی کی نئی سرکاری قیمت مقرر کرتے ہوئے اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی ہول سیل قیمت 170 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
تمام ہول سیلرز، ریٹیلرز اور ڈپارٹمنٹل اسٹورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی سرکاری قیمت پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
کمشنر آفس کی جانب سے واضح طور پر تنبیہ کی گئی ہے کہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام چینی فروش حضرات نرخ نامہ نمایاں طور پر اپنی دکانوں پر آویزاں کریں تاکہ صارفین کو قیمت سے متعلق آگاہی ہو اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں آٹھ روپے کمی کے باوجود کراچی کے بازاروں میں چینی کی قیمت کمی نہیں ہوئی اور قیمت ایک سو نوے روپے کلو پربرقرار ہے۔ گلی محلوں میں چینی دو سو روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos