لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر جب جب پاک بھارت جنگ رکوانے سے متعلق بیان دیتے ہیں تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہوجاتے ہیں۔
پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار اس بات کا اعتراف کیا کہ ہم نے جنگ رکوائی، امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ بھارت کو اقوام عالم میں ذلت آمیز رسوائی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن،پاک امریکہ تعلقات نئے دورمیں داخل ہونے جا رہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی جبکہ ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہک ریلوے کی شاندار بحالی پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کی پذیرائی کریں گے۔ ملکی ترقی کیلئے ہمیں محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ،ریلوے حکام و دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج مدتوں بعد مجھے ریلوے اسٹیشن لاہور آ کر بہت مسرت ہوئی، یہاں خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملی، پاکستان ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بزنس ٹرین میں صرف اشرافیہ کیلئے ہی نہیں بلکہ عام آدمی کے لیے یورپی ریلوے کی طرز پر شاندار سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ٹکٹ کا پرانا نظام ختم کر کے جدید ڈیجیٹائز سسٹم متعارف کرایا گیا جبکہ مسافر لاؤنج ،استقبالیہ ڈیسک اور ٹرین میں یورپ کی طرز پر مسافروں کے لیے شاندار انتظامات پر وزیر ریلوے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos