فائل فوٹو
فائل فوٹو

ندا صالح اورنج لائن میٹرو ٹرین کی پہلی خاتون ڈرائیور

لاہور: ندا صالح اورنج لائن میٹرو ٹرین کی پہلی خاتون ڈرائیور بن گئیں جب کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے پہلی خاتون ڈرائیور کی تعیناتی پر اظہار مسرت کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور میں پہلی مرتبہ خاتون اورنج لائن ٹرین چلائے گی، ندا صالح کو 6 ماہ ٹیکنیکل ڈرائیونگ کی تربیت دی گئی، جس کے بعد انہوں نے باضابطہ طور پر اورنج لائن کی ڈرائیور کی حیثیت سے ذمے داری انجام دینا شروع کر دی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اوررنج لائن کی پہلی خاتون ڈرائیور ندا صالح کو مبارکباد دی اور  ندا صالح کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف  نے کہا کہ بیٹیاں کسی سے کم نہیں، مساوی مواقع فراہم کرتے رہیں گے، ندا صالح جیسی بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں۔

اس کے علاوہ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ندا صالح کو اوورنج لائن میٹرو ٹرین چلانے کا اعزاز حاصل کرنے پر شاباش اور مبارکباد دی اور کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں جدت کیساتھ ساتھ ہمت کے سنہرے باب کا آغاز بھی ہوگیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خواتین کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع مل رہے ہیں،  یہ وزیر اعلیٰ کا ویژن ہی تھا، جس کی بدولت ہزاروں خواتین اسٹوڈنٹس نے الیکٹرک بائیکس کو اپنی ذاتی سواری اور سفر کا ذریعہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ای ٹیکسی اسکیم میں بھی خواتین ڈرائیورز کیلئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے،  ندا صالح جیسی باہمت اور تعلیم یافتہ خواتین ملک و قوم کیلیے باعث فخر ہیں۔