فوٹو سرکاری میڈیا
فوٹو سرکاری میڈیا

پاکستان کا ’پُر امن مقاصد کے لیے‘ ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں۔

اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری قوت حاصل کرنے کا پورا حق حاصل ہے، پاکستان ایران کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل کی ایران پر جارحیت کا کوئی جواز نہیں تھا، ایرانی قیادت نے دلیرانہ اندازمیں دشمن کےخلاف مضبوط فیصلے کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’ایران ہمارا انتہائی برادر اور دوست ملک ہے، ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کےعوام نے بھرپور مذمت کی۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’جنگ میں ایرانی فوج اور عوام نے ثابت قدم کا مظاہرہ کیا، ایرانی قیادت اورفوج نے بہادری سے اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کیا، ایرانی قیادت نے دلیرانہ انداز میں دشمن کے خلاف مضبوط فیصلے کیے۔‘

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، پاکستان ایران کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’مفاہمتی یادداشتیں جلد معاہدوں میں تبدیل ہوں گی اور 10 ارب ڈالر تجارتی ہدف جلد حاصل کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ایران کی سوچ یکساں ہے، خطے میں امن اور ترقی کی شاہراہیں کھولنی ہیں، خطے میں ترقی اور خوشحالی پائیدار امن سے ہی ممکن ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل خطے کو عدم استحکام کاشکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، غزہ، لبنان اور شام میں جارحیت اسرائیلی مذموم عزائم کا حصہ ہیں، امن کے لیے مسلمان ممالک کو متحد ہونا چاہیے۔

مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کو اسرائیلی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں، عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں، علامہ اقبال کی شاعری ہمارے لیے بھی مشعل راہ ہے، علامہ اقبال کی شاعری کی اساس امت مسلمہ کا اتحاد ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، دو طرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں آگے بڑھا رہے ہیں، سیاسی، اقتصادی، ثقافتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ ترجیح ہے۔