لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور پنجاب پولیس آمنے سامنے آگئے۔ لاہور پولیس نے احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 3 روز کے دوران 500 زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ صبح سے اب تک احتجاج کی کوشش کرنے والے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سمیت 6 ایم پی ایز بھی گرفتار کیے گیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان عدل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تیعنات اور لبرٹی چوک پر بھی کنٹرینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ قیدی وینز اور واٹر کینن ایوان عدل کے باہر پہنچا دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں ایوان عدل سے وکلا کی لاہور ہائیکورٹ تک ریلی نکالنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی۔ وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ پولیس نے ایوان عدل سے ریحانہ ڈار، ان کی بہو عروبہ ڈار سمیت کئی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔ پی ٹی آئی کی وکیل رہنما ناز بلوچ بھی ایوان عدل کے باہر سے گرفتار کرلی گئیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج کے معاملے میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پولیس کی مزید اضافی نفری پہنچ گئی، تاہم اسپیکر نے پی ٹی آئی ایم این ایز کو پارلیمنٹ کے احاطے سے گرفتاریاں نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کا مرکزی داخلی دروازہ بند کردیا گیا ہے، مرکزی گیٹ کے دونوں جانب تالے لگا دئیے گئے جبکہ متبادل راستہ کھلوا دیا گیا ہے، سلمان اکرم پچھلے دروازے سے نکل گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے ارکانِ پارلیمنٹ کی بڑی تعداد تاحال پارلیمنٹ ہاوس کے اندر موجود ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ بلاک کا گیٹ پارلیمنٹ کے باہر جانے کے لئے استعمال کرنے کی اجازت ہے، گیٹ کے باہر ریڈ زون میں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔
ادھر تحریک انصاف کی احتجاج کی کال پر اڈیالہ جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اضافی نفری کے ساتھ ساتھ رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی ہیں۔ اڈیالہ جیل جانیوالے راستوں پر پولیس کے ناکے لگ گئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے آج ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بونیر سے ریلی کی قیادت میں خود کروں گا۔ یہ تحریک اب رکنے والی نہیں ہے۔ آج کی احتجاجی ریلیاں بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر نکالی جارہی ہیں۔ ہمارا مقصد اپنے قائد کی رہائی ہے۔جسکو یقینی بناکر دم لیں گے۔
ادھر بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ 5 اگست احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی کی ہے، ہم جو پیغام دیتے ہیں وہ بانی پی ٹی آئی کا دیتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے گورکھپور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ہر منگل یہاں ملاقات کیلئے آتے ہیں۔ میں لاہور سے آئی کسی نے نہیں روکا چکری پر آکر روکا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos