فائل فوٹو
فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ2کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت  ہوئی ،  بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے نیب گواہ پر جرح کے لئے مزید وقت مانگ لیا  ہے،  پی ٹی آئی وکیل سلمان صفدر نے بانی کی بہنوں اور سلمان اکرم راجا کے عدالتی کارروائی میں شامل ہونے سے متعلق درخواست بھی جمع کروا دی ۔

توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔  اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے جیل کےباہر موجود بانی کی ایک بہن عظمیٰ خان کو اندر بلا لیا۔ وکیل صفائی قوسین مفتی نے نیب کے گواہ پر جرح کیلئے عدالت سے مزید وقت مانگا ۔ تو اسپیشل پراسیکیوٹر عمر مجید نے اس کی مخالفت کر دی  اور  کہا کہ جان بوجھ کر ٹرائل کو طول دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن بھی کمرہ عدالت آچکیں پھر بھی  گواہ پر جرح نہیں کی جا رہی ۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر 2  گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا تھا وہ بھی موجود ہیں  ۔ ملزمان کے وکلا وقت پر کمرہ عدالت نہیں آتے انہیں پابند کیا جائے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کر دی ۔