لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مبینہ زیادتی کے الزام میں قومی کرکٹر حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی مانچسٹر میں تنازع کا شکار ہوگئے، قومی کرکٹر کو 3 روز پہلے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پی سی بی نے حیدر علی کو معطل کردیا اور ان سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔پی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حیدر علی کے خلاف برطانیہ میں مجرمانہ تحقیقات کی جارہی ہیں، واقعہ حالیہ پاکستان شاہینز کے دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا۔
پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ حیدر علی کیخلاف گریٹر مانچسٹر پولیس تفتیش کر رہی ہے اور قومی کرکٹر کو پی سی بی کی جانب سے لیگل سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ برطانیہ کے قانونی عمل کا احترام کرتا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک حیدر علی معطل رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ حیدر علی کو قانونی معاونت فراہم کرے گا،حیدر علی کے خلاف قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انضباطی کارروائی پر غور ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے خاتمے تک پاکستان کرکٹ بورڈ مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos