صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے خوشحال پاکستان تشکیل دیں گے۔
صدر زرداری نے کہا کہ آج اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، آج کا دن قائداعظم کے اس وژن کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں ہر شہری کو برابری اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں، اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی ترقی اور فلاح کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام عالم کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی مذہبی آزادی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر اقلیتوں کے محفوظ مستقبل کی نظریاتی ضمانت ہے، ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کرکے قومی ترقی میں ان کا کردار مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos