فوٹو مقامی میڈیا
فوٹو مقامی میڈیا

بھارت کو جنگ اور سفارتکاری کے میدان میں شکست دی، بلاول

بھٹ شاہ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  پاکستان نے بھارت کو جنگ اور سفارتکاری کے میدان میں شکست دی، عوام میں اتنی طاقت ہے کہ جنگ کی صورت ہو تو جنگ میں بھی ہم ان کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور جو آپ کے 6کے 6دریا ہیں وہ واپس حاصل بھی کر سکتے ہیں، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ہوں، شہید بی بی نظیر بھٹو ہوں، صدر زرداری ہوں یا میں خود ، ہم سب شاہ عبداللطیف بھٹائی کے ماننے والے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھٹ شاہ میں بھٹ شاہ آڈیٹوریم پہنچ کر لطیف ایوارڈ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ یہ میرا دوسرا موقع ہے کہ میں بھٹ شاہ میں اس پروگرام میں شرکت کر رہا ہوں۔ اس سال پاکستان پر بھارت نے ایک رات کے اندھیروں میں ایک ایسا حملہ شروع کیا ایک ایسی جنگ چھیڑی جسے آپ نے نہ خود دیکھا اورخود مقابلہ کیا، یہ فخر کی بات ہے کہ پاکستان نے یہ جنگ شروع نہیں کی تھی لیکن مکمل آپ نے کیا تھا اور پورا ملک ایک ہو کے، ایک اتحاد کے ساتھ ہر مورچے پراس مخالف کو جو جواب دیا تھا، سندھ طاس معاہدے کا جو انھوں نے فیصلہ یا اعلان کیاہے، یہ اس خطے کی تاریخ میں اس دریا پر ہمارا سندھو پر سب سے بڑا حملہ ہے اور جب بھی ہمارا سندھو پر اس قسم کا حملہ ہوا ہے تو سندھ کے عوام اور اس دھرتی کے عوام صفحہ اول کا کردار ادا کرتے ہیں،

انھوں نے کہاکہ اس ملک کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کروں گا اور میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے اس کو بے نقاب کر دیابھارت نے جنگ کی بات کی لیکن اگر جنگ چھیڑی گئی ہے تو ہم شاہ عبداللطیف بھٹائی کی دھرتی سے مودی سرکار کو بتانا چاہیں گے کہ ہم پیچھے نہیں ہٹتے، ہم جھکتے نہیں ہیں اور اگر آپ سندھو کی طرف اس قسم کے حملے کے بارے میں سوچیں گے تو پھر پاکستان کے ہر صوبے کے عوام آپ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ بھٹ شاہ پہنچ کر عظیم صوفی شاعر وبزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے آخری روز مزار پر حاضری دی۔ انھوں نے مزار پرچادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی انھوں نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کے والد شاہ حبیب کے مزار پر بھی حاضری دی۔ بعدازاں بلاول بھٹو زرداری نے بھٹ شاہ آڈیٹوریم پہنچ کر لطیف ایوارڈ تقریب میں شرکت کی اور بھٹائی کے حوالے سے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں لطیف ایوارڈ تقسیم کیں۔