فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکا کے بعد دیگر ممالک بھی بی ایل اے، مجید بریگیڈ کو دہشت گرد ڈکلیئر کرسکتے ہیں: بلاول

حیدرآباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا کے بعد دیگر ممالک بھی بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد ڈکلیئر کرسکتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے کالعدم دہشت گرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ (المعروف فتنۃ الہندوستان) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایل اے جیسی تنظیمیں معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں، پاک بھارت جنگ کے دوران بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سپورٹ کیا۔

بلاول بھٹو کے مطابق امریکا نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا ہے اور اس کی توثیق کی ہے، جس کے بعد امکان ہے کہ دیگر ممالک بھی ان تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ اقوام متحدہ سے بھی ان تنظیموں کو دہشت گرد قرار دلوایا جائے۔