سی پی این ای بلوچستان کمیٹی کا اجلاس،بلوچستان کی اخباری صنعت کے مسائل پر بحث

کوئٹہ ( پ ر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی بلوچستان کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین انور ساجدی منعقد ہوا ۔اجلاس میں بلوچستان کی اخباری صنعت کے مسائل پر بحث ومباحثہ کیا گیا اور ان مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غورو خوض کیاگیا۔ اجلاس میں اخباری صنعت کے سالانہ بجٹ میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ بلوچستان کی واحد اخباری صنعت آج جن نامساعد حالات میں آزادی صحافت کیلئے جدوجہد کررہی ہے ،ماضی میں اسے ایسے حالات کا سامنا نہیں رہا ہے اور اخباری صنعت ماضی کی طرح آج بھی مالی طور پر سنگین حالات سے نبردآزما ہے اور بجٹ میں حالیہ اضافہ ناکافی ہے لہذا حکومت اس میں مزید اضافہ کرے تاکہ صوبے کی اس واحد صنعت کا تحفظ ہوسکے۔ اجلاس میں حکومتی سطح پر پریس ایڈوائس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اظہار رائے پر قدغن اور بعض سیاسی جماعتوں و سیاستدانوں کے بلیک آئوٹ کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے۔اجلاس میں مزید کہا گیا ہے کہ اخبارات کی صفحات میں کمی کے باعث بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے اخبارات پر دن بدن دبائو بڑھتا جارہا ہے ۔سیاسی جماعتیں اپنی کوریج سے مطمئن دیکھائی نہیں دیتیں جس کے باعث و دھونس و دھمکی کا راستہ اختیار کرتی ہیں جس سے اخبارات میں کام کرنے والے ملازمین اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں لہذا ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کو موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں اخبارات کے واجبات کی 4 ماہ سے عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات حکومت بلوچستان کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اخبارات کو واجبات کی ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائی جائے تاکہ اخبارات میں کام کرنے والے ملازمین کو تنخواہیں دینے کے ساتھ ساتھ دیگر اخراجات پورے کئے جاسکیں۔ اجلاس میں بلوچستان ایکسپریس کے عارف بلوچ،سینچری ایکسپریس کے رضا الرحمن،عصر نو کے علی رضا لہڑی، روزنامہ آزادی کے آصف بلوچ، روزنامہ انتخاب کے بالاچ بلوچ، روزنامہ باخبر کے گلریز خان، روزنامہ دنیا کے عرفان سعید،بلوچستان ٹائمز کے خلیل احمد،نوائے وطن کے منیر احمد بلوچ، روزنامہ ہمت کے نادر حسین زمرد، گوادر ٹائمز کے عبدالنعیم صادق اورماہانہ بلوچیا کے بہرام بلوچ نے آن لائن شرکت کی۔
جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز