اسلام آباد (پریس ریلیز) — مرکزی مسلم لیگ کے صدر انعام الرحمن کمبوہ کی قیادت میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ گزشتہ روز وفد نے ضلع بونیر کے شدید متاثرہ دیہات بیشنوئ اور بٹہی کا دورہ کیا، جہاں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پارٹی کی جانب سے دو سو سے زائد گھرانوں میں راشن اور تیار کھانا تقسیم کیا گیا تاکہ متاثرہ لوگ فوری طور پر اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔

علاوہ ازیں مٹئی کے مقام پر فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا، جس میں سینکڑوں مرد و خواتین اور بچے معائنے کے لیے آئے، جنہیں مفت ادویات اور علاج فراہم کیا گیا۔ متاثرین نے مرکزی مسلم لیگ کی اس خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہونا ان کے حوصلے بلند کرنے کے مترادف ہے۔ صدر مرکزی مسلم لیگ انعام الرحمن کمبوہ نے اس موقع پر کہا کہ یہ وقت آزمائش کا ہے

اور ہم اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، مکمل بحالی اور آبادکاری تک ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے ملک بھر کے اہل خیر، سماجی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کریں تاکہ ان کے دکھوں اور محرومیوں کو کم کیا جا سکے اور وہ دوبارہ عزت و وقار کے ساتھ اپنی زندگی شروع کر سکیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos