پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ویتنام کے ماہر ڈاکٹروں کے مابین کارڈیک سرجری کے جدید مہارت اور تکنیک ایکسچینج پروگرام کے تحت ڈاکٹروں کی ٹیم 5 روزہ دورے پر پی آئی سی کا دورہ کرے گی۔ ویتنام سے آنے والے وفد میں دو تجربہ کار پیڈیاٹرک کارڈیک سرجنز اور ایک ااینٹینسیویسٹ شامل ہیں، جو پی آئی سی کی ٹیم کے ساتھ مل کر بچوں کے دل کے پیچیدہ آپریشنز سرانجام دیں گے۔پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پیڈز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین کے مطابق پی آئی سی اپنے مشن اور وعدے کے مطابق خیبر پختونخوا میں عالمی معیار کی سہولیات اور علاج متعارف کروا رہا ہے دونوں ملکوں کے ماہرین کے مابین یہ ایکسچینج پروگرام یہاں کے مریضوں اور نوجوان ڈاکٹروں دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعاون سے ہم نہ صرف جدید تکنیک سیکھتے ہیں بلکہ مریضوں کو عالمی معیار کے علاج کی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں۔ پیڈز کارڈیک سرجن ڈاکٹر مجیب داوڑ نے کہا کہ ویتنامی سرجنز کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ تعاون ہمارے سرجنز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارے گا اور مستقبل میں پیچیدہ کیسز کو زیادہ اعتماد کے ساتھ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔پی آئی سی انتظامیہ کے مطابق 5 روزہ تعاون خطے میں پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری کے فروغ کے لیے ایک نمایاں پیش رفت ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos