فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا
فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں زور دار دھماکا،2افراد جاں بحق، 34 زخمی

کراچی کے علاقے صدرکے قریب ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں2 افراد جاں بحق،34 زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ایم اے جناح روڈ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی سے ایک رکشہ بھی متاثر ہوا، دھویں کے بادل دور سے بھی نظر آ رہے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ کے 12 فائر ٹینڈر، ایک اسنارکل اور ایک باؤزر روانہ کردیا گیا، جائے وقوع پر پولیس اور رینجرز کی نفری روانہ کردی گئی۔

حادثے کے بعد ایس ایس یو کمانڈوز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دیگر ریسکیو اداروں کے ساتھ ریلیف آپریشن میں مصروف ہوگئے، چھت پر محصور افراد کو بحفاظت نکالا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ دھماکے کے بعد گودام میں آگ بھڑک اٹھی،  پٹاخوں کے گودام میں پہلے زور دار دھماکا ہوا۔انہوں نے کہا کہ  پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے آس پاس موجود دکانوں اورعمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

دھماکے سے کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،  کئی افراد عمارت کے شیشے لگنے سے زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام نے کہا کہ 30 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والے  افراد کو جناح اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے مقام سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جبکہ ایک شخص جناح اسپتال میں دم توڑ گیاجس کے بعد گودام میں دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

ولیس کے مطابق گودام کے مالکان دونوں بھائی ہیں جو دھماکے میں زخمی ہوئے، ایک بھائی کا ابتدائی بیان لیا گیا ہے، دونوں بھائیوں کو شامل تفتیش کیا جائےگا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق دھماکے سے قریب موجود گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ گرد و نواح کی بلڈنگ کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ذرائع کے مطابق سول اسپتال میں زیر علاج 11 زخمیوں میں وسیم، نوید احمد، اختر شاہ، خوشی محمد، ریحان، شاہ میر، رحمان، جاوید، فاروق، محمد اقبال اور محمد رفیق شامل ہیں۔

جناح اسپتال میں داخل 16 زخمیوں میں وجے، فدا حسین، ارشد، عدنان، دین محمد، یکدیش کمار، ایوب، عابد، حنیف، سعید، محمد سلیم، کاشف، عمار، حماد، نزاکت اور عارف شامل ہیں۔زخمیوں کی عمریں 17 سے 65 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پانے کی کوشش کی جائے، کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہ ہو۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرکراچی کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر اور آبادی کے درمیان ایسے کسی بھی مواد کی تیاری کی اجازت نہیں جو نقصان کا باعث بنے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آگ پر قابو پاکر مجھے اس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔