کراچی (پ۔ ر)وفاقی انشورنس محتسب کے فیصلوں پر ایوان صدر اسلام آباد میں رواں سال اب تک مجموعی طور پر24 اپیلوں کا جائزہ لیتے ہوئے ایوان صدر نے فیصلے جاری کیے ہیں۔جاری کردہ ان 24 فیصلوں میں سے 23 میں وفاقی انشورنس محتسب کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے، جس سے یہ امر واضح ہوتا ہے کہ انشورنس کے شعبے میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے انشورنس محتسب کے فیصلے نہ صرف مؤثر اور انصاف پر مبنی ہیں بلکہ آئینی سطح پر بھی قابلِ قبول اور قابلِ اعتماد سمجھے جا رہے ہیں۔صدرِ مملکت کے جاری کردہ ان فیصلوں کے نتیجے میں متاثرین کو مجموعی طور پرتقریباً5کروڑ روپے سے زائد کا مالی ریلیف فراہم کیا گیاہے، جوانشورنس محتسب کے ادارے کی کارکردگی، شفافیت اور عوامی فلاح کے عزم کی غمازی کرتا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی انشورنس محتسب جناب ممتاز علی شاہ کا کہنا ہے کہ ادارے کا مقصد ہر متاثرہ شہری کو فوری، مفت اور غیر جانبدارانہ انصاف فراہم کرنا ہے۔ ہم انشورنس کمپنیوں کو قانون کے دائرے میں لا کر متاثرین کے حقوق کی بازیابی کو یقینی بناتے ہیں۔ ایوان صدر کی جانب سے ہمارے فیصلوں کی توثیق ہمارے ادارے پر عوامی اعتماد کا ثبوت ہے، اور یہ ہمارے لیے باعثِ فخر بھی ہے اور مزید ذمہ داری کا احساس بھی۔ان کا کہنا ہے کہ وفاقی انشورنس محتسب کا ادارہ انشورنس کمپنیوں کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے ایک آزاد، مفت اور غیر جانبدار پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، جہاں عام شہری بغیر کسی قانونی پیچیدگی اور اخراجات کے اپنی داد رسی حاصل کر سکتے ہیں۔مزید براں، محتسب کے فیصلوں کے خلاف صرف صدرِ پاکستان کو اپیل دائر کی جا سکتی ہے، جو کہ انصاف کی آخری آئینی منزل تصور کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی انشورنس سے متعلقہ عوامی شکایات کا شفاف، فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بناتے ہوئے متاثرین کو ان کا حق دلوانے کے لیے
پوری تندہی سے کوشاں رہیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos