مری میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند، ندی نالے بپھر گئے

مری پہاڑی علاقے مری میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، مختلف مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں طغیانی نے خطرے کی فضا پیدا کردی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق کوہالہ روڈ اورپتریاٹہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ کوٹلی ستیاں روڈ اوربائی پاس روڈ بھی ملبے سے بند ہو چکے ہیں۔

شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں غیرمعمولی طغیانی دیکھی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنرمری کی ہدایت پرریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اورہیوی مشینری کے ذریعے سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔

انتظامیہ نے مقامی افراد اورسیاحوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ غیرضروری سفرسے گریزکریں اورخطرناک علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں۔