رونالڈو کا مسلم طرز پر دعا مانگنا سوشل میڈیا پر وائرل

یہ یادگار لمحہ اُس وقت کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیا جب میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں رونالڈو کو دعا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے زبردست ردِعمل دیکھنے کو ملا۔

ایک صارف نے لکھا، ’رونالڈو کو فیلڈ پر دعا کرتے ہوئے دیکھا، سبحان اللہ۔‘ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا، ’سعودی عرب نے رونالڈو کو دعا کرنا سکھا دیا، اور پرتگال جیت گیا۔‘

بعض مداح تو حیران رہ گئے کہ کیا واقعی رونالڈو اسلامی طرز پر دعا مانگ رہے تھے۔ ایک مداح نے مزاحیہ انداز میں لکھا، ’کیا واقعی میں نے کرسٹیانو ابن رونالڈو کو دعا کرتے دیکھا؟ مذاق مت کرو!‘

رونالڈو کی یہ عاجزی اور ثقافتی احترام سوشل میڈیا صارفین کو بھا گیا۔ متعدد صارفین نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک عظیم فٹبالر ہیں بلکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا بھی بھرپور احترام کرتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ رونالڈو مشرقِ وسطیٰ اور اسلامی ثقافت کے قریب نظر آئے ہوں۔ سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ پہلے ہی عرب دنیا میں بے حد مقبول ہیں۔ ان کی سادگی، عاجزی اور کھیل کے میدان میں شاندار کارکردگی نے ان کی مقبولیت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

رونالڈو کا دعا مانگنے کا یہ لمحہ جہاں فٹبال کی تاریخ کا حصہ بن گیا، وہیں ان کے مداحوں کے دلوں میں ان کی عزت اور محبت میں مزید اضافہ کر گیا۔