فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی ٹیم کے اہم کھلاڑی کا کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز چتیشور پجارا نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر چتیشور پجارا نے اتوار کے روز ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ پجارا طویل عرصے سے بھارت کے ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے اور بی سی سی آئی نے مسلسل نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا شروع کر دیا تھا۔

پجارا نے اپنے کیریئر کے دوران بھارت کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔ انہیں بھارت کے سب سے بڑے ٹیسٹ بیٹسمینوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے آخری ٹیسٹ میچ 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف کینگسٹن اوول میں کھیلا تھا۔ اس کے بعد انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا حالانکہ آسٹریلیا کے 2025 کے دورے سے قبل ان کی واپسی کی افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں تاہم سلیکٹرز نے کم تجربہ کار کھلاڑیوں پر اعتماد کیا۔

چتیشور پجارا نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اپنے جذباتی پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی جرسی پہننا، قومی ترانہ گانا اور ہر بار میدان میں اپنی بھرپور کوشش کرنا ان لمحات کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے لیکن جیسا کہ کہا جاتا ہے ہر اچھی چیز کا ایک اختتام ہوتا ہے۔ اسی شکر گزاری کے ساتھ میں بھارتی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ آپ سب کی محبت اور تعاون کے لیے شکریہ۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور ان تمام افراد کے شکر گزار رہیں گے جنہوں نے ان کے کریئر کے دوران ان کی مدد کی۔