گلگت کے علاقے تلی داس میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں شدید تباہی مچ گئی جس سے پورا گاؤں متاثر ہوا اور درجنوں خاندان بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ تباہ شدہ بستی میں مرکزی مسلم لیگ کی واحد ٹیم ہے جو متاثرہ مقام تک پہنچی اور وہاں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔
مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے غذر کے گاؤں دائین میں 72 خاندانوں کو راشن اور دیگر امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ سامان میں اجناس، روزمرہ استعمال کے برتن اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کو پکی پکائی خوراک بھی فراہم کی گئی ،اب تک ساڑھے پانچ سو سے زائد افراد کو کھانا فراہم کیا جاچکا ہے۔
امدادی سرگرمیوں کی قیادت پاکستان مرکزی مسلم لیگ گلگت زون کے صدر مقصود حسین سندھو نے کی، جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ مقامی عمائدین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تابش قیوم نے کہا ہم تلی داس کے علاقے میں پہنچے تو پورا گاؤں ملبے کا ڈھیر بن چکا تھا، لوگ بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ سردیوں کی آمد سے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں اور ان کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
مقصود حسین سندھو نے کہا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک مرکزی مسلم لیگ اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی علاقہ جات اس وقت بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے شدید آزمائش سے گزر رہے ہیں، ہمیں اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ سے عافیت طلب کرنی چاہیے۔اس موقع پر بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos