سیرتِ طیبہ کو مشعلِ راہ بنا کر ہم اپنی زندگیوں کو نورانی بنا سکتے ہیں،لیاقت حسین نقوی

مظفرآباد چیئرمین جعفریہ رابطہ کونسل آزاد کشمیر، مخدوم سید لیاقت حسین نقوی نے ماہ ربیع الاول 1447ھ کے آغاز پر پوری امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت مہینہ دراصل رحمت و برکت کا خزانہ، روحانیت و معرفت کا سرچشمہ اور قلبی روشنی و ایمانی تازگی کا بے مثال سفر ہے۔ ولادتِ باسعادت خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم وہ عظیم واقعہ ہے جس نے تاریخِ انسانی کو نجات، ہدایت اور عدل کے چراغ سے منور کیا۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کی ساعتیں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ سیرتِ طیبہ کو مشعلِ راہ بنا کر ہم اپنی زندگیوں کو نورانی بنا سکتے ہیں، امت میں وحدت و اخوت کے رشتے کو مضبوط کر سکتے ہیں اور ظلم و استبداد کے مقابلے میں عدل و قربانی کی روش اختیار کر سکتے ہیں۔ یہی حقیقی وفاداری اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا تقاضا ہے۔

مخدوم سید لیاقت حسین نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اس ماہ مبارک کی محافلِ میلاد میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرے، عشقِ نبوی ﷺ اور روحانیت سے اپنے دلوں کو منور کرے، اور ہر قسم کے فتنہ و فساد کے مقابلہ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے عالمی حالات کی سنگینی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر صیہونی قبضہ، غزہ کے نہتے عوام پر انسانیت سوز مظالم، کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھنا، اور عالمی استعماری و استبدادی قوتوں کی پشت پناہی سے مذہبی شدت پسندی اور لسانی عصبیت کو فروغ دینا آج کے بڑے چیلنج ہیں۔ ان تمام بحرانوں کا واحد حل قرآن و سیرتِ پیغمبر اکرم ﷺ کی روشنی میں صبر، حکمت، عدل اور قربانی کے راستے کو اپنانا اور امت میں اتحاد و یکجہتی کو مضبوط کرنا ہے۔

چیئرمین جعفریہ رابطہ کونسل نے کہا کہ امن و اخوت کی فضا قائم کرنا، اخلاقی و سیاسی بصیرت کو فروغ دینا اور امت کو ہر فتنے و سازش سے محفوظ رکھنا ہی معاشرتی سکون اور حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے۔

آخر میں انہوں نے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ: “اللہ تبارک و تعالیٰ اس مبارک مہینے میں امت مسلمہ پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، دشمنانِ اسلام کی سازشوں کو ناکام بنائے، مظلوموں کو ظلم سے نجات عطا کرے، عالمِ اسلام کو امن و استحکام عطا فرمائے، اور آزاد ریاست جموں و کشمیر و پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے سفر کو دوام بخشے۔”