لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر فوری امدادی اقدامات کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ صوبے کے 7 اضلاع لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، سرگودھا اور اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔
سول اور عسکری ادارے سرگرم
حکومت پنجاب کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، تاہم صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فوج کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فوج کی تعیناتی ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر عمل میں لائی جا رہی ہے۔
فوجی تعیناتی کا طریقہ کار
محکمہ داخلہ پنجاب نے اس سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔ فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد طے کی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا سکے۔
سیلابی صورتحال پر کڑی نظر
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت پنجاب اور متعلقہ ادارے سیلابی حالات کو 24 گھنٹے مانیٹر کر رہے ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos