سیلابی ریلے کے باعث کرتارپور اور گردونواح کے علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریاؤں کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں کے قریب نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں پر اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ راوی میں مادھوپور اور دریائے چناب میں اکھنور کے مقام پر بھی بلند سطح کا سیلاب متوقع ہے۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی نشاندہی کرتا ہے۔
اسی طرح دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ہے، جو آئندہ 12 گھنٹوں میں 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک تک بڑھ سکتی ہے۔
بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کے بعد دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی کیفیت مزید سنگین ہو گئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos