سی پی این ای کا کرن / خواتین ڈائجسٹ گروپ کے چیف ایڈیٹرکے عامر محمود انتقال پر اظہارِ تعزیت

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے اپنے ہر دل عزیز سابق سیکریٹری جنرل، سینئر صحافی،ماہانہ کرن/ خواتین/ شعاع/ عمران ڈائجسٹ گروپ کے چیف ایڈیٹر عامر محمود کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مرحوم محمود ریاض کے صاحبزادے اور ابن انشاء کے بھتیجے تھے۔ عامر محمود کا انتقال آج (بدھ) کی دوپہر ان کی رہائش گاہ خیابان محافظ ڈیفنس فیز VI، کراچی میں ہوا، ان کے انتقال کی خبر پر صحافتی برادری اور میڈیا سے وابستہ حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔صدر پاکستان آصف علی زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑر،گورنر سندھ کامران ٹیسوری،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عامر محمود کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مرحوم نے اپنی زندگی صحافت کے فروغ، میڈیا کی آزادی اور ادارہ جاتی بہبود کے لیے وقف کی۔ سی پی این ای کے صدر کاظم خان ، سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو،تمام عہدیداران اور اسٹینڈنگ کمیٹی نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ عامر محمود نے کئی عشروں پر محیط صحافتی سفر اور آزادی اظہار کے آئینی و جمہوری حق کے دفاع اور تحفظ کی جدوجہد میں روشن مثال قائم کی۔ سی پی این ای ان کی صحافتی خدمات اور آزادی صحافت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔عامر محمود کی وفات سے پاکستان کی صحافت ایک بے باک، دیانتدار اور صاحبِ علم رہنما ء سے محروم ہوگئی ہے۔