دریائے راوی پر شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب

لاہور میں دریائے راوی پر شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح بڑھ گئی ہے اور بہاؤ ایک لاکھ 45 ہزار 160 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ کمشنر لاہور کے مطابق آج صبح 9 سے 10 بجے کے دوران یہاں سے ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک کا ریلہ گزرنے کا امکان ہے، تاہم صورتحال اس وقت قابو میں ہے۔ راوی کی گنجائش اڑھائی لاکھ کیوسک ہے اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکمے ہائی الرٹ پر ہیں۔

دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا زور کم ہونا شروع ہوگیا ہے اور بہاؤ گھٹ کر ایک لاکھ 52 ہزار کیوسک پر آگیا ہے۔

دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے، ہیڈ خانکی پر بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک سے کم ہو کر 9 لاکھ 5 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔ ہیڈ قادرآباد پر بہاؤ 10 لاکھ 45 ہزار 601 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جو اب بھی غیر معمولی سیلابی صورتحال ہے۔

دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک سے زیادہ ہے جبکہ ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، دونوں مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ اس کے علاوہ دریائے راوی میں بلوکی اور ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔