صدر آصف زرداری کا سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب اور ریلوں میں نقصان اٹھانے والے کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کے بڑے پیمانے پر نقصان پر بھی گہری ہمدردی ہے۔

آصف زرداری نے مسلح افواج اور ریسکیو اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں افواجِ پاکستان نے عوام کی خدمت کی شاندار مثال قائم کی۔

صدر نے سندھ حکومت کو ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کے لیے فوری تیاری کی ہدایت کی اور کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ کی طرح حوصلے اور عزم کے ساتھ مشکلات پر قابو پائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ 2010 اور 2022 کی طرح اس بار بھی قوم سرخرو ہوگی۔