اسلام آباد میں ڈینگی ٹیسٹ کی فیس مقرر، 1500 روپے سے زائد نہیں

اسلام آباد میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیشِ نظر تمام لیبارٹریز کے لیے ٹیسٹ فیس مقرر کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشنز ایکٹ 2018 کے تحت جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈینگی کے NS-1، IgG اور IgM (ELISA) ٹیسٹ کی فیس 1500 روپے سے زائد نہیں لی جا سکے گی۔ یہ حکم عوامی مفاد میں جاری کیا گیا ہے اور 31 دسمبر 2025 تک نافذ العمل رہے گا۔

ہدایات کے مطابق، تمام لیبارٹریز کو ڈینگی ٹیسٹ کی رپورٹ 24 گھنٹوں کے اندر فراہم کرنا ہوگی، جبکہ ہسپتالوں، لیبارٹریز اور کولیکشن سینٹرز کی وقتاً فوقتاً نگرانی بھی کی جائے گی۔

واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ، رجسٹریشن منسوخی، خدمات کی معطلی یا ادارے کی بندش جیسی سزائیں عائد کی جا سکتی ہیں۔