اسلام آباد (نمائندہ امت)اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرین، تھانہ کرپہ کی حدود میں مری سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد وسیم ولد اسحاق کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وسیم بھارہ کہو میں اپنے بھائیوں کے ساتھ رہائش پذیر تھا اور جہانزیب خان کی سوزوکی بولان بطور ڈرائیور چلاتا تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ روزانہ میٹرو اسٹیشن سے بھیرہ پل تک سواریاں لے کر جایا کرتا تھا۔ تقریباً ایک ہفتہ قبل وسیم گاڑی سمیت لاپتہ ہو گیا،جس کے بعد اس کے فون نمبربھی مسلسل بند تھے۔14 اگست 2025 کو گاڑی کے مالک نے تھانہ بھارہ کہو میں وسیم کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے تفتیش کے دوران مقتول کا موبائل ریکارڈز (CDR) حاصل کیا تو پتہ چلا کہ اس کا رابطہ طیب علی ولد لیاقت حسین سے تھا۔ پولیس نے طیب علی کو گرفتار کیا تو اس نے ہولناک انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھیوں عبداللہ اور ثناء اللہ کے ساتھ مل کر وسیم کو رینٹ پر گاڑی لے جانے کے بہانے بلایا اور فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ملزمان نے بتایا کہ مقتول کی لاش گلبرگ گرین میں پھینک دی گئی اور اسے تیزاب ڈال کر جلایا گیا۔ بعد ازاں پولیس نے نشاندہی پر صرف مقتول کی ہڈیاں، واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور کپڑے برآمد کئے۔پولیس کے مطابق طیب اور عبداللہ گرفتار ہیں جبکہ ثناء اللہ تاحال مفرور ہے۔ذرائع کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان میں سے ایک کا تعلق مری کے علاقے دیول اور دوسرے کا بھگواڑی سے بتایا جاتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos