فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا
فوٹو بشکریہ مقامی میڈیا

پنجاب میں 73 ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے: ریسکیو 1122

لاہور: پنجاب میں ریسکیو کے ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے بعد دریائے سندھ، چناب، راوی، ستلج اور جہلم کے ملحقہ علاقوں سے 73 ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب بھر کے سیلابی علاقو ں میں779 ریسکیو کشتیوں کے ساتھ فلڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

فاروق احمد کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جمعے کو ہی پانی میں پھنسے ایک ہزار کے قریب افراد کو نکالا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ 280 افراد کو قصور میں ریسکیو کیا گیا جبکہ حافظ آباد سے 164، سیالکوٹ سے 127، اوکاڑہ سے 82 ، گوجرانوالہ سے 76، لاہور سے 4 ، چینوٹ سے 41، شیخوپورہ سے 32 افراد کو نکالا گیا جبکہ 46 افراد کو جھنگ ، بہاولپور، ساہیوال، سرگودھا، نارووال اور فیصل آباد سے محفوظ مقامات پر لے جایا گیا۔

چنیوٹ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ

پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق چنیوٹ میں دریائے چناب کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اس وقت وہاں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جمعے کی شام تین بجے چنیوٹ میں پانی کی مقدار میں مزید 13 ہزار کیوسک کا اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب وہاں سے آٹھ لاکھ ساڑھے 55 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

دریا کا پانی پہلے ہی چنیوٹ شہر کے مضافاتی علاقوں کے علاوہ شہر کے نشیبی علاقوں تک پہنچ چکا ہے اور ضلعی انتظامیہ نے جمعرات کی شب ہی شہر کے متعدد محلوں سے آبادی کے انخلا کی ہدایات جاری کر دی تھیں۔