وزیراعظم شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ

وزیراعظم شہباز شریف 4 ستمبر تک چین کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ہوگی۔ ان ملاقاتوں میں پاک۔چین تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور سی پیک فیز ٹو سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ میں بھی شرکت کریں گے اور مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

دورے کے دوران شہباز شریف ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ اداروں کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔ وہ پاک۔چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوگی۔

پاکستانی حکام کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو گہرا کرنے کا اہم موقع ہے۔