تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز،پاکستان کی افغانستان کیخلاف 39 رنز سے فتح

تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 182 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو 183 رنز کا ہدف دیا۔

افغان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان راشد خان 39، رحمان اللّٰہ گرباز 38، صدیق اللّٰہ 23 اور درویش رسولی 21 رنز بنا سکے، دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پاکستان کی جانب سے حارث روف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور سفیان مقیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بیٹنگ میں کپتان سلمان علی آغا نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ دیگر نمایاں اسکور میں صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز 21،21، فخر زمان 20 اور محمد حارث 15 رنز شامل رہے۔

افغان بولرز میں فرید احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمان، محمد نبی، راشد خان اور عظمت اللّٰہ عمرزئی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تین ملکی سیریز کی تیسری ٹیم متحدہ عرب امارات ہے، جو اپنا پہلا میچ کل پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔