پاکستان اور یو اے ای کا آج مقابلہ، گرین شرٹس کا عزم برقرار

شارجہ — تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آج پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم گزشتہ میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے کر پر اعتماد نظر آ رہی ہے اور کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

اماراتی کپتان محمد وسیم نے کہا کہ ایشیا کی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ان کے کھلاڑیوں کے لیے قابل فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای اس سے قبل افغانستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش جیسی ٹیموں کو شکست دے چکی ہے، اور ان کے اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے۔

کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے حریفوں کا سخت مقابلہ کرے گی۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ شارجہ کا گراؤنڈ تینوں ٹیموں کے لیے جتنا جانا پہچانا ہے، اتنا ہی چیلنجنگ بھی ہے، لیکن قومی ٹیم نے گذشتہ برسوں میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور اس سیریز میں بھی بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔