کوئٹہ اور بلوچستان میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس اچانک معطل کر دی گئی، تاہم اس کی کوئی سرکاری وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات صوبے بھر میں موبائل انٹرنیٹ بند کر دی گئی جس کے بعد شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سے قبل یکم اگست سے بھی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل رہی تھی۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران صوبے میں نیٹ سروس بحال کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد سہولت بحال ہوئی، لیکن اب دوبارہ انٹرنیٹ معطلی سے عوامی پریشانی بڑھ گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار سروس معطلی سے تعلیمی، تجارتی اور روزمرہ امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے وضاحت کا انتظار ہے۔