دریائے چناب سے آنے والا سیلابی ریلا سیالکوٹ، وزیرآباد اور چنیوٹ میں تباہی مچانے کے بعد جھنگ میں داخل ہو گیا۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جھنگ کے 135 دیہات سیلابی پانی میں گھر گئے ہیں جبکہ سرگودھا روڈ پر 2 سے 3 فٹ پانی کھڑا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق آج شام تک 10 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا ملتان سے گزرے گا۔ اس دوران گوجرانوالہ، چنیوٹ اور وزیرآباد میں بارشوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جس کے باعث کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔
ملتان میں تحصیل شجاع آباد کی زرعی زمینوں پر بھی پانی داخل ہو چکا ہے اور 140 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مظفرگڑھ میں دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے ہزاروں ایکڑ پر مشتمل فش فارمز بھی زیر آب آنے کا امکان ہے۔ نقصان سے بچنے کے لیے مقامی فش فارمرز مچھلی کے تالاب خالی کرنے لگے ہیں۔
ادھر نارووال میں آدوکے جھال کے قریب نہر ایم آر لنک کا بند ٹوٹنے سے نہری پانی قریبی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے کھوکھر والی، چندر کے منگولے اور چیلے والی کے دیہات متاثر ہوئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos