پشاور، ایک تاریخی موقع پر خیبرپختونخوا کے معزز وزیراعلیٰ جناب علی امین خان گنڈا پور نے خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا باضابطہ اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ نے یہ اعلان خیبر میڈیکل کالج کے نئے منی آڈیٹوریم اور اپ ڈیٹڈ لائبریری کے افتتاح کے موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی کیا۔
اس تقریب میں مشیر صحت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جناب احتشام علی، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر واجد علی, صدر ایپنا ڈاکٹر ارشد ریحان، ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، اساتذہ کرام، طلباء اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈین و سی ای او خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے وزیراعلیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کالج کی تعلیمی کامیابیوں اور پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کالج اس وقت یونیورسٹی کے معیار پر پورا اترتا ہے کیونکہ یہاں 12 پی ایچ ڈی فیکلٹی ممبران موجود ہیں، 140 کنال پر مشتمل کیمپس ہے (جو مطلوبہ 80 کنال سے زائد ہے) اور جدید انفراسٹرکچر بھی موجود ہے۔
مزید برآں، انہوں نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی مالی ضروریات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آرگن ٹرانسپلانٹ کے لیے 500 ملین روپے بطور سیڈ منی وصول ہو چکے ہیں، جبکہ دوسری قسط کے 500 ملین روپے باقی ہیں، جس کی فراہمی وزیراعلیٰ نے فوری طور پر منظور کرلی۔ کارڈیک سرجری یونٹ کے قیام کے لیے 300 ملین روپے کی فوری فراہمی کی بھی درخواست کی گئی جسے وزیراعلیٰ نے منظور کرلیا۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر واجد علی نے حکومت کی صحت کے شعبے میں اصلاحات کو سراہتے ہوئے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گردے، بون میرو اور جگر کے ٹرانسپلانٹ سروسز ، کے ایم سی یونیورسٹی کے قیام کی منظوری کےاعلان کا خیر مقدم کیا اور پالیسیوں میں مزید بہتری پر زور دیا۔
صدر ایپنا ڈاکٹر ارشد ریحان نے کہا کہ خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ 1989ء سے زیر التواء تھا جو 36 سال بعد پورا ہونے جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خیبر میڈیکل کالج کے اساتذہ اور طلباء کو اعلیٰ معیار اور عالمی سطح کے ڈاکٹر تیار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے باضابطہ طور پر خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دی اور کہا کہ اس کا چارٹر جلد کابینہ سے منظور کرلیا جائے گا۔ مزید برآں، انہوں نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیک سرجری یونٹ کے قیام کے لیے 300 ملین روپے کی منظوری بھی دے دی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos