ٹیم کی ناتجربہ کاری شکست کی بڑی وجہ بنی،آصف خان

شارجہ میں پاکستان کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے متحدہ عرب امارات کے مڈل آرڈر بلے باز آصف خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کی ناتجربہ کاری شکست کی بڑی وجہ بنی، ورنہ نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

پاکستان کے خلاف 35 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پریس کانفرنس میں آصف خان نے کہا کہ ہماری حکمتِ عملی آخری اوورز میں پاور ہٹنگ کی تھی، جس پر عمل کیا لیکن پاکستان کی باؤلنگ کے سامنے یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کپتان محمد وسیم کی اننگز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا رن آؤٹ ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔

آصف خان نے مزید کہا کہ شارجہ ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے اور یہاں شائقین نے بھرپور سپورٹ کیا۔ ہم نے حالیہ ہفتوں میں محنت کی ہے اور اس کا نتیجہ ضرور سامنے آئے گا۔ بڑی ٹیموں کو ہم نے ویک اپ کال دی ہے اور ایشیا کپ کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کے مطابق اماراتی ٹیم کی اصل طاقت ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ ہے اور اگر باؤلنگ کے ذریعے حریف کو 170 یا 180 رنز تک محدود کیا جائے تو جیتنے کے امکانات کافی روشن ہوتے ہیں۔