اسحاق ڈار کا تیانجن میں لوبان ورکشاپ ایکسپیرینس ہال کا دورہ

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تیانجن میں لوبان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) نمائش ہال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں لوبان ورکشاپس کے منصوبوں اور پاکستان کے ساتھ جاری تعاون پر بریفنگ دی گئی۔

اسحاق ڈار نے چینی حکام سے ملاقات کے دوران لوبان فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا، خاص طور پر ابھرتی ہوئی صنعتوں میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان TVET تعاون پائیدار معاشی ترقی اور انسانی وسائل کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہے۔

دورے کے دوران انہوں نے ان پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی جو لوبان انیشی ایٹو کے تحت تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بدلتی ہوئی صنعتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

لوبان ورکشاپس، جو تیانجن میونسپل حکام نے قائم کی ہیں، اعلیٰ معیار کی تکنیکی تعلیم کے فروغ کا ایک عالمی ماڈل سمجھی جاتی ہیں۔