فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنرل باجوہ کو آرمی چیف بنانے کی اطلاع عرفان صدیقی نے دی : آصف کرمانی

اسلام آباد: سابق سینیٹر اور  مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی نے انکشاف کیاہے کہ جب جنرل باجوہ کو آرمی چیف بنانے فیصلہ ہو گیا تو عرفان صدیقی ، نوازشریف سے کہنے لگے کہ اجازت ہو تو میں جنرل باجوہ کو اطلاع دینا چاہتاہوں ، پھر انہوں نے سائیڈ پر جا کر فون کرے انہیں اطلاع دی ۔

نجی ٹی وی  کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ نوازشریف پر جنرل باجوہ کو آرمی چیف بنانے پر کسی کا دباؤ نہیں تھا لیکن لابیز ہوتی ہیں جو کام کر رہی ہوتی ہیں، جب یہ فیصلہ ہو گیا کہ جنرل باجوہ ہی آرمی چیف ہوں گے پروٹوکول کے تحت ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جاتی ہے ، پھر میٹنگ کیلئے وزیراعظم بلاتے ہیں، جس میں باضابطہ بتایا جاتاہے کہ آپ کو آرمی چیف بنایا جارہاہے ، جب نوازشریف نے ایم ایس کو کہا کہ ہم نے فیصلہ کر لیاہےاور آپ انہیں پیغام پہنچا دیں، میں اس وقت میٹنگ میں موجود تھا،  اس پر ایک دلچسپ شخصیت ہیں عرفان صدیقی صاحب ، ان کا باجوہ فیملی کے ساتھ تعلق تھا، تو انہوں نے کہا نوازشریف صاحب اگر آپ برا نہ منائیں تو میں جنرل باجوہ کو اطلاع کر دوں کہ آپ کو آرمی چیف بنا دیا گیاہے ، تو نوازشریف نے کہا کہ آپ کر دیں، پھر عرفان صدیقی نے باجوہ صاحب کی فیملی کو اطلاع دی ، 

میں نے کوئی اطلاع نہیں دی: عرفان صدیقی کی آصف کرمانی کے دعوے کی تردید

مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نےآصف کرمانی کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نوازشریف کو جنرل باجوہ کو آرمی چیف بنانے پر فون کر کے اطلاع دینے کی درخواست نہیں کی ۔

عرفان صدیقی نے  بتایا کہ آصف کرمانی کی جانب سے کیا جانے والا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے ، میں نے جنرل باجوہ کو آرمی چیف بنانے پر انہیں فون کر کے اطلاع دینے کی درخواست نہیں کی ، میں پہلے کئی مرتبہ اس بات کی تردید بھی کر چکا ہوں ۔