بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب بھر میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق بھارت نے بغیر اطلاع دریائے چناب میں پانی چھوڑا ہے جس سے پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سلال ڈیم، ننگل ڈیم اور ہریکے بیراج سے مزید پانی چھوڑا گیا ہے، جس کے باعث دریائے چناب میں بڑے ریلے کی آمد متوقع ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب اور ستلج میں پانی کی آمد سے گنڈا سنگھ والا، وزیرآباد، حافظ آباد اور سیالکوٹ میں جانی و مالی نقصان کا خطرہ ہے، جبکہ اگلے دو روز میں بڑا ریلا ہیڈ مرالہ تک پہنچ سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ خانیوال کے ہیڈ سدھنائی، باگڑ سرگانہ اور فاضل شاہ کے مقامات پر دریائے راوی اور چناب میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کو نکال کر ریلیف کیمپوں تک منتقل کر رہی ہیں، جہاں انہیں عارضی پناہ فراہم کی جا رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos