صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے وقف کی۔ ان کی جدوجہد قربانی، استقلال اور ثابت قدمی کی روشن مثال ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پر جاری پیغام میں صدر کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم بھی اُن کے حوصلے اور عزم کو توڑ نہ سکے۔ گیلانی کے مؤقف نے کشمیری عوام کو آزادی کی تحریک میں استقامت بخشی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ سید علی گیلانی کا خون تحریکِ آزادی کو ہمیشہ زندہ رکھے گا۔ پاکستان کشمیری عوام کا مقدمہ ہر سطح پر پیش کرتا رہے گا اور بھارتی جبر کشمیریوں کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتا۔
صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos