اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 19 مریض سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 6 اور شہری علاقوں میں 2 مریضوں کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 197 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں دیہی علاقوں کے 166 اور شہری علاقوں کے 31 مریض شامل ہیں۔
راولپنڈی میں ایک دن کے دوران 11 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 51 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ مری میں اس وقت 21 افراد ڈینگی میں مبتلا ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں مجموعی طور پر 5 ہزار 430 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 144 کیسز کنفرم ہوئے۔
ویكٹر سرویلنس مہم کے دوران 45 لاکھ 55 ہزار سے زائد گھروں کی چیکنگ کی گئی، جن میں ایک لاکھ سے زیادہ گھروں میں ڈینگی لاروا ملا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 309 مقدمات درج ہوئے، 1517 مقامات سیل کیے گئے جبکہ 3134 چالان جاری کیے گئے۔
کارروائیوں کے نتیجے میں راولپنڈی میں 88 لاکھ 93 ہزار روپے اور مری میں 8 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا، مری میں مزید 201 مقامات بھی سیل کیے گئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos