فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ میں 8 سے 11 لاکھ کیوسک پانی آئے گا،مراد علی شاہ

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے 9 لاکھ کیوسک سے زائد پانی کی تیاری کررکھی ہے، ہم نے سپر فلڈ کی تیاری کرنی ہے۔

پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں پانی چھوڑا گیا، جس کے بعد دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلابی صورتحال ہے، ہیڈ قادر آباد پر 10 لاکھ کیوسک کا سیلاب ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چاروں دریا ہیڈ پنجند میں آکر ملتے ہیں، تمام دریاؤں کا پانی گڈو بیراج پر جمع ہوتا ہے، 5 ستمبر تک گڈو بیراج پر بڑا سیلابی ریلہ پہنچے گا، سندھ میں 8 سے 11 لاکھ کیوسک پانی آئے گا، 9 لاکھ کیوسک سے اوپر پانی کو سپر فلڈ کہا جاتا ہے۔

مراد علی شاہ کے بقول 2010 کے سیلاب کے بعد ہم نے بند پر کافی کام کیا ہے، گڈو بیراج سے 9 لاکھ کیوسک پانی گزارنے کی تیاری کرلی ہے، ہم نے 9 لاکھ کیوسک سے زائد پانی کی تیاری کررکھی ہے، ہم نے سپر فلڈ کی تیاری کرنی ہے، انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے ہیں اور مال مویشیوں کو بچانے کے لیے کوششیں کرنی ہیں جب کہ دریاؤں پر موجود بند محفوظ بنانے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 24 اگست کو ساڑھے 5 لاکھ کیوسک کاریلہ گڈو بیراج سے گزرا، سندھ میں بیراجوں کی نگرانی جاری ہے، ریسکیو اینڈ ریلیف کا سامان منتقل کیا جارہا ہے، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، 9 لاکھ کیوسک تک کی تیاری مکمل رکھنی ہے، آرمی اور نیوی سے بھی مدد حاصل کی جائے گی، موسمیاتی تبدیلی سنگین مسئلہ ہے، اس حوالے سے اقدامات کرنے ہوں گے۔