بھارت کا دوہرا کھیل،شنگھائی تعاون تنظیم میں آذربائیجان اور آرمینیا کی راہ میں رکاوٹ

عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والی بھارتی حکومت اس بار خود ہی بے نقاب ہو گئی۔ پاکستان دشمنی میں بھارت نے نہ صرف آذربائیجان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی بلکہ اپنے قریبی اتحادی آرمینیا کو بھی مشکل صورتحال سے دوچار کر دیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی حالیہ سرگرمیوں کے دوران بھارت نے آذربائیجان کی مکمل رکنیت کو ویٹو کیا، جس کے نتیجے میں آرمینیا کی رکنیت بھی رک گئی۔ قبل ازیں غیر رسمی اتفاق رائے یہ تھا کہ دونوں ممالک کو بیک وقت رکن بنایا جائے گا۔

آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے چین کے شہر تیانجن میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہا کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ آذربائیجان کے دوستانہ تعلقات کی وجہ سے انتقامی اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں سفارتی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان برادر ملک ہیں، بھارت کی مخالفت ہمیں ایک دوسرے سے دور نہیں کر سکتی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق اصولی طور پر آذربائیجان اور آرمینیا کو ایک ساتھ تنظیم میں شامل کیا جانا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے رکاوٹ ڈالنے کے بعد دونوں ممالک کی رکنیت مؤخر ہو گئی۔