برطانیہ کا فلسطین کے حق میں فیصلہ: غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

برطانیہ نے غزہ میں فوری اور بلا مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو لندن رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو باضابطہ ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر سکتا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ غزہ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ انسانی نقصان بڑھ رہا ہے، جہاں خوراک کی کمی کے باعث پانچ سال سے کم عمر ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی حکومت امدادی سامان فراہم کرنے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور یہ انسانی پیدا کردہ قحط ہے۔

ڈیوڈ لیمی نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کا واحد حل جنگ بندی ہے۔ برطانیہ عالمی برادری سے بھی اس معاملے پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کر رہا ہے۔

ادھر انٹرنیشنل جینوسائیڈ اسکالرز ایسوسی ایشن نے اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کو "نسل کشی” قرار دیتے ہوئے عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔